پاکستان میں خواتین کی حالت پر قومی رپورٹ - ایک خلاصہ
پاکستان میں نجی اور عوامی زندگی میں خواتین کو مختلف اقسام کے تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے اثرات نہ صرف عوامی زندگی میں ان کی محدود شمولیت، اور نقل وحرکت میں رکاوٹوں کی شکل میں دیکھنے کو ملتے ہیں بلکہ ان کے اندر خوداعتمادی کی بھی کمی ہے، انہیں جسمانی نقصان کا خدشہ رہتا ہے اور قیادت کے عہدوں میں انہیں بہت کم حصہ ملتا ہے۔ یو این ویمن اس سلسلے میں اہم متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر قوانین کی تشکیل اور اصلاحات کے لئے متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ ایڈووکیسی سرگرمیاں کر رہا ہے جبکہ قوانین پر موثر عملدرآمد کے لئے بھی کام کیا جا رہا ہے اور کم عمری کی شادی اور انسدادِ ریپ کے وفاقی قانون سمیت خواتین پر تشدد کے بارے میں ڈیٹا جمع کرنے کا کام بھی جاری ہے۔
گھریلو تشدد کو نجی معاملہ قرار دے کر بالخصوص دیہی علاقوں کے غریب گھرانوں میں اس پر بات کرنا یا اس کی اطلاع دینا معیوب سمجھا جاتا ہے۔ یو این ویمن مختلف شعبوں کے متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کوآرڈینیشن کے نظاموں کو مستحکم بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے تاکہ لوگوں کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں اور رپورٹنگ کے نظاموں تک لوگوں کی رسائی ممکن ہو۔ معاشرے میں مردوں کے غلبے پر قابو پانے کے لئے رویوں میں تبدیلی کی آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے اور قومی اور کمیونٹی سطح پر لوگوں میں شعور بیدار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان میں کئی ایسے ترقی پسند قوانین منظور کئے گئے ہیں جو خواتین کو نقصان دہ عادات اور رسم ورواج سے تحفظ فراہم کرتے ہیں اور عوامی زندگی میں ان کے فعال کردار کو فروغ دیتے ہیں۔ تاہم خواتین بالخصوص صنفی تشدد سے متاثرہ خواتین کے لئے انصاف کی جستجو آج بھی جاری ہے اور اس راہ میں نہ صرف بے شمار رکاوٹیں اور مشکلات درپیش ہیں بلکہ یہ سفر شدید بے یقینی کا شکار بھی ہے۔ پاکستان میں اس نوعیت کے مقدمات میں سزا کا تناسب محض 0.5 فیصد ہے اور یہ رجحان فوری اقدام کا تقاضا کرتا ہے۔ خواتین کو انصاف تک رسائی میں کئی رکاوٹیں پیش آتی ہیں، مثلاً ضابطے کی کارروائی سے متعلق رکاوٹیں، مردوں کے غلبے پر مبنی گہری سماجی اقدار، صنفی تقاضوں سے ہم آہنگ بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کی کمی، اور صنفی جرائم اور تشدد سے متاثرہ افراد کے بارے میں نامناسب تصورات اور ان سے نمٹنے کے لئے ناکافی تکنیکی استعداد۔
یو این ویمن پاکستان میں شعبہ انصاف کے اداروں کے ساتھ مل کر خواتین پر تشدد اور صنفی جرائم سے متعلق مسائل پر شعور و آگاہی پیدا کر کے قوانین کے نفاذ اور کیس مینجمنٹ میں بہتری لانے کے لئے کام کر رہا ہے۔ یو این ویمن کی سرگرمیوں کے تحت موثر قانونی چارہ جوئی اور بروقت سزا کے لئے متعلقہ اداروں کی فورنزک صلاحیتوں اور میڈیکولیگل خدمات کو بہتر بنانے کے لئے بھی کام کیا جا رہا ہے۔
پاکستان میں خواتین کی حالت پر قومی رپورٹ - ایک خلاصہ