احتساب
یو این ویمن نے آزادانہ اور بامقصد نگرانی کے ذریعے اپنی تمام تر سرگرمیوں کی افادیت اور کارکردگی بہتر بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ نگرانی کے ذمہ دار کئی ادارے طرزحکمرانی، خطرات پر قابو پانے کے اقدامات اور قواعد وضوابط کی پاسداری کے طریقوں کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔
انڈیپنڈنٹ اویلیویشن اینڈ آڈٹ سروسز | یونائیٹڈ نیشنز بورڈ آف آڈیٹرز
یو این آفس آف انٹرنل اوورسائٹ سروسز | یو این ایتھکس آفس
ایڈوائزری کمیٹی آن اوورسائٹ | اکاؤنٹیبلٹی فریم ورک
انڈیپنڈنٹ اویلیویشن اینڈ آڈٹ سروسز
انڈیپنڈنٹ اویلیویشن اینڈ آڈٹ سروسز (آئی ای اے ایس) کے ذریعے یو این ویمن کی انتظامیہ اپنے پروگراموں ، روزمرہ امور اور کنٹرول کے نظاموں اور کارروائیوں کے بارے میں آزاد ذرائع سے جانچ پڑتال، داخلی آڈٹ اور مشاورت کی خدمات حاصل کرتی ہے۔ ان خدمات کی بدولت عمدہ طریقوں کی نشاندہی ہوتی ہے، بہتری کی سفارشات سامنے آتی ہیں اور تجربات سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ آئی اے ای ایس اپنے چارٹر کے تحت دئیے گئے مینڈیٹ، ذمہ داریوں اور سرگرمیوں پر کام کرتا ہے۔
خدمات فراہم کرنے والے دو ادارے آئی اے ای ایس کی معاونت کرتے ہیں: انڈیپنڈنٹ اویلیویشن سروس اور انٹرنل آڈٹ سروس
- یو این ویمن میں آزادانہ جانچ پرکھ ایک منظم اور غیرجانبدار تجزئیے کی صورت میں کی جاتی ہے جس کی بدولت شواہد پر مبنی معتبر معلومات کے ذریعے یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ کوئی بھی اقدام کس حد تک کامیاب رہا، یا اس کی بدولت صنفی برابری اور خواتین کی بااختیار حیثیت کے حوالے سے مطلوبہ اور غیرمطلوبہ نتائج میں کس حد تک پیشرفت ہوئی (یا پیشرفت نہ ہو سکی)۔
- انٹرنل آڈٹ کنسلٹنگ خدمات کا ایک آزاد نظام ہے جس کا مقصد یو این ویمن کی سرگرمیوں میں بہتری لانا اور ان کی افادیت بڑھانا ہے۔
یونائیٹڈ نیشنز بورڈ آف آڈیٹرز
ایکسٹرنل آڈٹ کے فرائض یونائیٹڈ نیشنز بورڈ آف آڈیٹرز (بی او اے) انجام دیتا ہے۔ یہ بورڈ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1946 میں اقوامِ متحدہ کے مختلف اداروں کے اکاؤنٹس، فنڈز اور پروگراموں کے ایکسٹرنل آڈٹ کے لئے قائم کیا۔ یو این ویمن کی فنانشل سٹیٹمنٹ پر بورڈ آف آڈیٹرز کی رپورٹیں عوامی دستاویزات ہیں جو انتظامی اور بجٹ سوالات پر مشاورتی کمیٹی کے جائزہ اور مشورے کے بعد ففتھ کمیٹی کو پیش کی جاتی ہیں۔ بورڈ کی رپورٹیں یو این ویمن ایگزیکٹو بورڈ کو بھی پیش کی جاتی ہیں۔
یو این آفس آف انٹرنل اوورسائٹ سروسز
آفس آف انٹرنل اوورسائٹ سروسز (او آئی او ایس) یو این ویمن کو تحقیقاتی خدمات فراہم کرتا ہے۔
یونائیٹڈ نیشنز ایتھکس آفس
یونائیٹڈ نیشنز ایتھکس آفس یو این ویمن کے عملے اور اس کے لئے کام کرنے والے تمام افراد کے حوالے سے رازداری پر مبنی، آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور پیشہ ورانہ خطوط پر کام کرنے والا ادارہ ہے۔ ایتھکس آفس ادارے میں دیانتداری، احتساب، شفافیت اور احترام کی مشترکہ اقدار پر مبنی اخلاقی کلچر کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ یہ دفتر ایگزیکٹو ڈائریکٹر یو این ویمن کو اس امر کو یقینی بنانے میں مدد دیتا ہے کہ ادارے کے لئے کام کرنے والے تمام افراد اقوامِ متحدہ چارٹر کی روشنی میں دیانتداری کے اعلیٰ ترین معیار کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں۔ ایتھکس آفس محفوظ اور رازداری پر مبنی ماحول فراہم کرتا ہے جس میں عملے کے افراد اپنی ضرورت اور مرضی کے مطابق اخلاقی امور پر مشورے لے سکتے ہیں اور کسی بھی بدعنوانی کی اطلاع دینے پر انتقامی کارروائی سے تحفظ حاصل کر سکتے ہیں۔
ایڈوائزری کمیٹی آن اوورسائٹ
پانچ ارکان پر مشتمل یہ آزاد ایڈوائزری کمیٹی (اے سی او)، ایگزیکٹو ڈائریکٹر یو این ویمن کو ادارے کے احتسابی نظام اور فریم ورک کے ساتھ ساتھ خطرات سے نمٹنے کے اقدامات سے متعلق عمدہ طریقوں کی بنیاد پر آزادانہ، بیرونی مشورے فراہم کرنے کے لئے قائم کی گئی۔ یہ کمیٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو بہترین متعلقہ طریقوں کی روشنی میں نگرانی کی ذمہ داریوں کی بجاآوری میں معاونت فراہم کرتی ہے۔ ایڈوائزری کمیٹی یو این ویمن پروگرام اور عملی سرگرمیوں کے انتظامی امور میں گورننس اور اخلاقیات کے موزوں، اعلیٰ معیارات کو فروغ دیتی ہے اور خطرات سے نمٹنے کے اقدامات اور مالی امور میں بہترین مروجہ طریقوں کو اپنانے میں انتظامیہ کی مدد کرتی ہے۔ ( اے سی او کی سرگرمیوں کے لئے حوالے کی شرائط )۔
احتسابی فریم ورک
درج ذیل پالیسیاں ایک ایسے مربوط فریم ورک کا کام دیتی ہیں جن کا مقصد کام کرنے کا ہم آہنگی پر مبنی ماحول پیدا کرنے اور اسے برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ عملے کے افراد کسی غلط کام کا حصہ نہ بنیں، کسی بھی غلط کام کے الزام کی اطلاع فی الفور دی جائے اور اس پر تحقیقات کی جائیں، احتساب یقینی بنانے کے لئے موزوں کارروائی کی جائے اور عملے کے تمام افراد کو کسی بدعنوانی کی اطلاع دینے یا کسی تحقیقات میں تعاون کرنے پر انتقامی کارروائی سے تحفظ دیا جائے۔
- اقوامِ متحدہ کے عملے کے قواعد
- بین الاقوامی سِوِل سروس کے کام کرنے کے معیارات
- ہراسیت، جنسی ہراسیت، امتیاز اور اختیارات کے غلط استعمال پر یو این ویمن کی پالیسی
- کام کرنے کے لئے اقوامِ متحدہ کے معیارات کی عدم پاسداری پر قابو پانے کے لئے یو این ویمن کی قانونی پالیسی
- انتقامی کارروائی سے تحفظ پر یو این ویمن کی پالیسی
- سیکرٹری جنرل کا بلیٹن: جنسی استحصال اور جنسی زیادتی سے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات
علاوہ ازیں، دھوکہ دہی کے خاتمہ کے لئے یو این ویمن کا پالیسی فریم ورک میں دھوکہ دہی کی روک تھام، اس کے واقعات کی نشاندہی اور ان پر کارروائی کے لئے یو این ویمن کا لائحہ عمل بیان کیا گیا ہے۔ دھوکہ دہی کے خاتمے کے پالیسی فریم ورک میں یو این ویمن کے قواعد، ضوابط، پالیسیوں اور ضابطے کی کارروائی کے مروجہ طریقوں کو یکجا کر دیا گیا ہے۔
کام کرنے کے لئے اقوامِ متحدہ کے معیارات کی عدم پاسداری پر قابو پانے کے لئے یو این ویمن کے قانونی فریم ورک کے تحت، اور شفافیت کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی جانب سے گزشتہ سال کے دوران کئے گئے تادیبی فیصلوں اور بدعنوانی کے ان واقعات پر رپورٹیں جاری کی جاتی ہیں جن کے نتیجے میں تادیبی کارروائیاں کی گئیں (جن میں افراد کے نام ظاہر نہیں کئے جاتے)۔