تحقیقات
غلط کام کی اطلاع | تحقیقاتی ہاٹ لائن | او آئی او ایس کیا ہے؟
یو این ویمن کے لئے تحقیقاتی خدمات فراہم کرنے کی ذمہ داری اقوامِ متحدہ کے آفس آف انٹرنل اوورسائٹ سروسز (او آئی او ایس) کو سونپی گئی ہے۔ او آئی او ایس کا انوسٹی گیشنز ڈویژن یو این ویمن کے عملے کے افراد یا کسی تیسرے فریق پر دھوکہ، کرپشن یا کسی ایسے دیگر غلط کام کے الزامات کا جائزہ لیتا ہے جو یو این ویمن کے لئے نقصان کا باعث بن سکتے ہوں اور اگر ضروری ہو تو ان کی تحقیقات کرتا ہے ۔ او آئی او ایس اس سلسلے میں حقائق کا تعین کرتا ہے جن کی روشنی میں یو این ویمن کی سینئر انتظامیہ مناسب اقدام کر سکتی ہے جن میں تادیبی کارروائی یا کوئی دیگر کارروائیاں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔ او آئی او ایس نے اطلاع دینے کا باقاعدہ نظام وضع کر دیا ہے تاکہ دھوکہ دہی، بدانتظامی یا کسی دیگر بدعنوانی کی اطلاع دینے کے خواہشمند افراد رازداری کے ساتھ یہ اطلاعات فراہم کر سکیں۔
غلط کام کی اطلاع
یو این ویمن دھوکہ دہی، کرپشن اور کسی بھی طرح کے غلط کام کو قطعاً برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ یو این ویمن مبینہ دھوکہ دہی، کرپشن یا دیگر غلط کام کی تمام اطلاعات کو سنجیدگی سے لیتا ہے اور یہ الزامات وصول کرنے اور ان کے بارے میں تحقیقات کی اصل ذمہ داری اس نے او آئی او ایس کو تفویض کی ہے۔
یو این ویمن کے پروگراموں یا یو این ویمن کے عملے کے افراد سے متعلق دھوکہ دہی، کرپشن یا دیگر غلط کام کی معلومات کسی بھی شخص کے پاس ہوں، ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ انوسٹی گیشنز ہاٹ لائن کے ذریعے اس کی اطلاع ضرور دیں۔
انوسٹی گیشنز ہاٹ لائن
کوئی بھی فرد درج ذیل طریقوں سے او آئی او ایس کو براہِ راست اطلاع دے سکتا ہے:
فون: +1 212 963-1111
(اس نمبر پر 24 گھنٹے کال کی جا سکتی ہے)
آن لائن اطلاع دینے کا فارم:
غلط کام کی اطلاع اس لنک کے ذریعے دیں
بذریعہ ڈاک:
Director, Investigations Division
Office of Internal Oversight Services
300 East 42nd Street (at 2nd Avenue)
7th Floor
New York, NY 10017
USA
انوسٹی گیشنز ہاٹ لائن پر کسی بھی غلط کام کی اطلاع دینے والے شکایت کنندہ کو یہ اختیار دیا جاتا ہے کہ وہ چاہیں تو متعلقہ رابطہ معلومات فراہم کریں یا اپنا نام ظاہر نہ کریں۔ تاہم نام ظاہر کئے بغیر عائد کئے جانے والے الزامات پر مزید کارروائی زیادہ مشکل ہوتی ہے کیونکہ اس صورت میں او آئی او ایس کو فراہم کی گئی معلومات کی وضاحت لینے یا ضروری سوالات پوچھنے کا کوئی راستہ نہیں ملتا۔ اگر شکایت کنندہ اپنا نام ظاہر نہ کرنا چاہے تو ان سے کہا جاتا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کریں اور اس بارے میں بھی غور کریں کہ او آئی او ایس کو رابطے کے کسی بھی طریقے سے آگاہ کریں تاکہ اگر وہ مزید معلومات حاصل کرنا چاہیں یا کسی بات کی وضاحت لینا چاہیں تو رابطہ کر سکیں – مثلاً وہ کسی فرضی نام پر بنایا گیا ای میل کا کوئی عام پتہ (مثلاً ہاٹ میل، یاہو یا جی میل) فراہم کر سکتے ہیں جس سے شکایت کنندہ کا نام ظاہر نہ ہو۔
اطلاع دیتے وقت شکایت کنندگان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ ممکنہ حد تک متعلقہ معلومات فراہم کریں، مثلاً جو بھی واقعہ ہو اس کی بنیادی معلومات کہ کیا ہوا، کس نے کیا، کہاں ہوا اور کیسے ہوا۔ ان معلومات کے ذریعے او آئی او ایس اس مبینہ غلط کام کی مناسب طریقے سے تحقیقات کر سکتا ہے۔
رازداری
او آئی او ایس نیک نیتی سے اطلاع دینے والے کسی بھی فرد کی رازداری کا پورا خیال رکھتا ہے چاہے تحقیقات میں کوئی معقول بات سامنے آئے یا نہ آئے۔ جو گواہان رازداری کی درخواست کریں گے، نظام انصاف کے لئے ادارے کے فریم ورک میں رہتے ہوئے اس کا خیال رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی لیکن بعض صورتوں میں ہو سکتا ہے کہ گواہان کی رازداری برقرار نہ رہے۔
بدنیتی پر مبنی اطلاع
جب کوئی معلومات فراہم کرنے والا فرد جانتا ہو یا اسے معلوم ہونا چاہئے کہ معلومات غلط ہیں، تو اسے غلط شکایت تصور کیا جائے گا اور یہ ممکنہ بدعنوانی کے زمرے میں آئے گی۔ ایسی صورت میں اطلاع دینے والے فرد کا رازداری کا حق ختم ہو جاتا ہے اور اس پر نئی تحقیقات کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ البتہ اگر کوئی خطا ہو جائے یا دیانتداری سے غلطی ہو جائے تو اس پر یہ تصور نہیں کیا جائے گا۔
انتقامی کارروائی کی اطلاع دینے کا طریقہ
انتقامی کارروائی سے مراد کسی ایسے فرد کو بلاواسطہ یا بالواسطہ طور پر نقصان پہنچانے کا کوئی اقدام کرنا، اس کی سفارش کرنا، یا اس کی دھمکی دینا، جس نے باضابطہ طور پر کسی بدعنوانی کی اطلاع دی ہو یا انتظامیہ کی منظوری سے ہونے والے کسی آڈٹ یا تحقیقات کے سلسلے میں تعاون کیا ہو۔ ثابت ہو جانے پر انتقامی کارروائی بدعنوانی کے زمرے میں آتی ہے جس پر ممکنہ کارروائی ہو سکتی ہے۔
انتقامی کارروائی پر تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری ایتھکس آفس کو سونپی گئی ہے جو کسی بھی غلط کام کا انکشاف کرنے والے فرد یا افراد کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرتا ہے۔
ایتھکس آفس کی بنیادی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ انتقامی کارروائی کی کسی بھی شکایت کا ابتدائی تجزیہ کرتا ہے۔ اس تجزیہ میں یہ طے کیا جاتا ہے کہ آیا یہ اطلاع نیک نیتی سے دی جا رہی ہے اور کیا یہ بظاہر انتقامی کارروائی کا معاملہ ہے یا نہیں۔ جب یہ بات طے ہو جائے تو ایتھکس آفس اس معاملے کو او آئی او ایس کے پاس بھجوا دیتا ہے۔
او آئی او ایس کو جہاں بھی کسی انتقامی کارروائ کی اطلاع ملے یا اسے اس کا پتہ چلے، وہ اس معاملے کو ابتدائی تجزیہ کے لئے ایتھکس آفس کے پاس بھجوا دیتا ہے جس کے بعد مکمل تحقیقات کے لئے یہ معاملہ واپس او آئی او ایس کو بھجوا دیا جاتا ہے۔
او آئی او ایس کیا ہے؟
اقوامِ متحدہ کے آفس آف انٹرنل اوورسائٹ سروسز کا انوسٹی گیشنز ڈویژن ، یو این ویمن کو نگرانی کی موثر، آزادانہ اور بامقصد خدمات فراہم کرتا ہے جو ادارے میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دینے میں انتہائی مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔
تحقیقات کے لئے او آئی او ایس کا مینڈیٹ کیا ہے؟
او آئی او ایس انوسٹی گیشنز ڈویژن کے مینڈیٹ میں انتظامی معلومات حاصل کرنے کے لئے تحقیقات کرنا شامل ہے، یعنی وہ کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع پر اس کے حق یا مخالفت میں شواہد اور ثبوت جمع کرتا ہے۔ اصل زور کسی بھی ایسی ممکنہ بدعنوانی پر دیا جاتا ہے جو کسی ایسے فرد، خدمات فراہم کرنے والے ادارے، عملدرآمد کرنے والے پارٹنر یا کسی تیسرے فریق نے کی ہو جس کے ساتھ یو این ویمن نے کوئی معاہدہ کر رکھا ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ نظام میں پائے جانے والے بعض مسائل کا تجزیہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ او آئی او ایس پیشہ ورانہ اور غیرجانبدارانہ انداز میں تحقیقات کرتا ہے۔ جہاں کسی بدعنوانی کا ثبوت مل جائے تو انوسٹی گیشنز ڈویژن اپنی تحقیقات کے نتائج، اپنی سفارشات کے ساتھ یو این ویمن کو بھجوا دیتا ہے جن کی روشنی میں یو این ویمن موزوں کارروائی کا فیصلہ کرتا ہے۔ یو این ویمن میں تحقیقات کا اختیار صرف او آئی او ایس کو حاصل ہے۔
عملے کے تمام ارکان کسی بھی باضابطہ تحقیقات کے سلسلے میں مکمل تعاون کرنے کے پابند ہیں۔ او آئی او ایس کو ادارے کے زیراختیار ہونے والی سرگرمیوں سے متعلق تمام افراد کو کوئی ہدایات دینے، ان تک رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ریکارڈز، دستاویزات یا دیگر مواد، اثاثوں اور جگہوں تک رسائی حاصل کرنے اور ایسی معلومات اور وضاحتیں طلب کرنے کا اختیار حاصل ہے جو وہ اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لئے ضروری سمجھے۔
انوسٹی گیشنز ڈویژن کا صدر دفتر نیویارک میں ہے جو انٹیبی، نیروبی، نیویارک اور ویانا میں اپنے علاقائی تحقیقاتی مراکز، اور ہیٹی (MINUSTAH)، لائبیریا (UNMIL)، کوٹے ڈی آئیوری (UNOCI)، جنوبی سوڈان (UNMISS)، اور جمہوریہ کانگو (MONUSCO) میں موجود اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں میں بنائے گئے فیلڈ دفاتر کے ذریعے دنیا بھر کے لئے تحقیقاتی خدمات فراہم کرتا ہے۔
او آئی او ایس کن چیزوں کی تحقیقات کرتا ہے؟
او آئی او ایس کی تحقیقات میں انتہائی سنگین خلاف ورزیوں، مثلاً دھوکہ دہی، کرپشن، جرائم پیشہ سرگرمیوں، جنسی استحصال و زیادتی، بیرونی سرگرمیوں، سنگین نوعیت کی چوری، پروکیورمنٹ کی بے ضابطگیوں، مفادات کے ٹکراؤ، غبن، کھلی بدانتظامی، اور اقوامِ متحدہ کے وسائل کے ضیاع پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔
انوسٹی گیشنز ڈویژن کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات کی کچھ مثالیں یہ ہیں: سنگین اور بے تحاشا خرچ کا باعث بننے والی بدانتظامی یا ادارے کے وسائل کا ضیاع، جنسی استحصال و جنسی زیادتی، پیچیدہ نوعیت کی دھوکہ دہی، غیرموزوں بھرتی، مفادات کا ٹکراؤ، اور یو این ویمن کے کنٹریکٹ یا دیگر معاہدوں پر کام کرتے ہوئے تیسرے فریق کی جانب سے دھوکہ دہی۔
او آئی او ایس کن چیزوں کی تحقیقات نہیں کرتا؟
او آئی او ایس ایسے معاملات کی تحقیقات نہیں کرتا جو ادارے کے عملے کے افراد، فنڈز اور سرگرمیوں سے متعلق نہ ہوں۔
عام حالات میں او آئی او ایس ذاتی معاملات، ٹریفک حادثات، سادہ نوعیت کی چوری، کنٹریکٹ کے تنازعات، دفتری انتظامی امور سے متعلق تنازعات، دفتری سامان یا عملے کے بنیادی نوعیت کا غلط استعمال اور بنیادی نوعیت کی بدانتظامی کے مسائل کی تحقیقات نہیں کرتا۔ ان معاملات کو عام طور پر انتظامیہ ہی نمٹاتی ہے۔
او آئی او ایس کس طرح تحقیقات کرتا ہے؟
او آئی او ایس انتظامی معلومات حاصل کرنے کے لئے تحقیقات کرتا ہے یعنی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع پر اس کے حق یا مخالفت میں شواہد اور ثبوت جمع کرتا ہے۔ او آئی او ایس اپنے یہ امور اخلاقی، پیشہ ورانہ اور غیرجانبدارانہ انداز میں کام کرنے کے لئے اقوامِ متحدہ کے معیارات کی عدم پاسداری پر قابو پانے کے لئے یو این ویمن کی قانونی پالیسی ، کانفرنس آف انٹرنیشنل انوسٹی گیٹرز کی طرف سے منظور کی گئی یونیفارم گائیڈلائنز فار انوسٹی گیشنز ، اور او آئی او ایس کے تحقیقات کے رہنما کتابچہ اور رہنما اصولوں کی روشنی میں انجام دیتا ہے۔
او آئی او ایس کس طرح کام کرتا ہے؟
او آئی او ایس تمام الزامات کی موصولی کی رسید فراہم کرتا ہے۔ اطلاع موصول ہونے کی رسید کے ساتھ ساتھ، عام حالات میں او آئی او ایس شکایت کنندہ کو اطلاع کے مطابق بدعنوانی کی کیفیت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کرتا۔ انوسٹی گیشنز ڈویژن کے ڈائریکٹر یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ آیا تحقیقات کی جائیں، متعلقہ شعبے کو بھجوا دی جائیں یا آپ کی اطلاع معلومات کے لئے جمع کرا دی جائے، یا ابتدائی چھان بین کے لئے پہلے اسے معطل کیا جائے۔ تحقیقات کرنے کی صورت میں او آئی او ایس کے انوسٹی گیشنز ڈویژن کا عملہ انتظامی معلومات حاصل کرنے کی کارروائی پر کام کرے گا جس میں مثال کے طور پر گواہان کے انٹرویو کئے جا سکتے ہیں، دستاویزی تجزیہ اور فورانزک تجزیہ کیا جا سکتا ہے۔ او آئی او ایس کی تحقیقات کے نتائج کی صورت میں معاملے کو داخل دفتر کیا جا سکتا ہے یا پھر حقائق کے تعین کے لئے تحقیقاتی رپورٹ تیار کی جاتی ہے۔
او آئی او ایس اپنی تحقیقاتی رپورٹ، موزوں سفارشات کے ساتھ یو این ویمن کو جمع کرانے کا ذمہ دار ہے، جو اس پر مناسب تادیبی کارروائی یا انتظامی کارروائی پر غور کر سکتا ہے۔
اگر خاطر خواہ شواہد یا ثبوت نہ ملیں تو او آئی او ایس اس اطلاع کو داخل دفتر کرنے کی رپورٹ تیار کرتا ہے اور یو این ویمن کے ساتھ ساتھ اگر اس نے متعلقہ فرد کا انٹرویو کیا ہو، تو اسے بھی آگاہ کر دیتا ہے۔
"ضروری کارروائی" سے کیا مراد ہے؟
ضروری کارروائی کامطلب یہ ہے کہ تحقیقات منصفانہ، شفاف اور پیشہ ورانہ انداز میں کی جائیں۔ تحقیقات کو منصفانہ رکھنے کے لئے مثال کے طور پر او آئی او ایس کے تحقیقاتی افسران طے شدہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہیں اور بامقصد اور غیرجانبدارانہ انداز میں تحقیقات کرتے ہیں۔ او آئی او ایس کی تحقیقات میں ہر طرح کی تفصیلات شامل ہونی چاہئیں اور اس میں چھان بین کے تمام طریقوں ، خواہ ان کے تحت قصوروار قرار دیا جائے یا بری کیا جائے، ان پر عمل کرنا لازم ہے۔
متعلقہ افراد کو خاص نوعیت کی معلومات، افشاء اور اطلاع کا حق حاصل ہے۔ تحقیقات کے دوران اور خاص طور پر انٹرویو کے دوران او آئی او ایس متعلقہ فرد کو غلط کام کی اطلاع پر اپنا نقطہ نظر پیش کرنے اور تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق پر تبصرہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔